دنیا
Time 02 نومبر ، 2021

گلاسگو موسمیاتی کانفرنس: چینی صدر کو ویڈیو لنک خطاب کی سہولت نہیں ملی

کانفرنس میں چینی صدر کا تحریری پیغام پڑھ کر سنایا گیا،فوٹو: فائل
 کانفرنس میں چینی صدر کا تحریری پیغام پڑھ کر سنایا گیا،فوٹو: فائل 

اقوام متحدہ کے زیراہتمام اسکاٹ لینڈ کے شہرگلاسگو میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس 'کوپ26 ' میں چینی صدر  شی چن پنگ کو ویڈیو کانفرنس کا موقع نہیں دیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق گلاسگو میں برطانیہ کی زیر صدارت ہونے والی کانفرنس میں  چینی صدر کا تحریری پیغام پڑھ کر سنایا گیا، خبر ایجنسی کا کہنا ہےکہ چینی صدر کورونا وبا کے سبب موسمیاتی کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے۔

چینی صدرکی جانب سے تحریری پیغام میں کوئی نیا وعدہ نہیں کیا گیا اور  پیغام میں زور دیا گیا کہ تمام ممالک اپنے وعدوں کو برقرار  رکھیں اور باہمی اعتماد اور تعاون کو مضبوط بنائیں۔

چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وینگ وینبن نے میڈیا بریفنگ میں رپورٹرز کو بتایا کہ کانفرنس کے منتظمین کی جانب سے ویڈیو لنک فراہم نہیں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ چینی صدر کا پیغام کانفرنس کے انتہائی اہم حصے میں پڑھ کر سنایا گیا جس میں دیگر ممالک کے سربراہان اور حکام شریک ہوئے۔

ادھر برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانیہ چاہتا تھا کہ کانفرنس میں  لوگ ذاتی طور پر شریک ہوں ، اس لیے رہنماؤں کو آن لائن ویڈیو خطاب کی سہولت نہیں دی گئی تھی، ان کے صرف ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغامات اور تحریر پڑھنے کی اجازت حاصل تھی۔

مزید خبریں :