Time 04 نومبر ، 2021
پاکستان

شادی میں ہوائی فائرنگ، فلیٹ کی بالکونی میں کھڑی بچی گولی لگنے سے جاں بحق

کراچی کے علاقے قیوم آباد ڈی ایریا میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں فلیٹ کی بالکونی میں کھڑی بچی جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک گولی 7 سالہ بچی کو لگی اور وہ شدید زخمی ہوگئی۔

پولیس کے مطابق بچی کی شناخت 7سال کی سعدیہ حنیف کےنام سےہوئی، ہوائی فائرنگ کے دوران بچی کو گردن میں گولی لگی،گولی گردن سے ہوتی ہوئی سر میں پیوست ہوئی۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان دولہے کے بھائی ہیں، ہوائی فائرنگ پولیس اہلکار معین نے شادی کی تقریب میں کی، ملزم سولجر بازار تھانے میں تعینات اور اسلحہ سمیت فرار ہوگیا تھا تاہم بعد ازاں اسے گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ بچی کے والد کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئیں ہیں اور تین ملزمان معین ، ارسلان اور نعمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمہ میں نامزد ارسلان اور نعمان دولہے کے بھائی ہیں۔ جاں بحق ہونے والی بچی پہلی جماعت کی طالبہ تھی۔

مزید خبریں :