09 نومبر ، 2021
ناظم جوکھیو قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ،گرفتار ممبر سندھ اسمبلی جام اویس کے بڑے بھائی ایم این اے جام عبدالکریم کو بھی ملزمان میں شامل کرلیا گیا۔
مقدمے میں اغوا کی دفعات بھی شامل کرلی گئی ہیں، پولیس نے مقدمے میں نامزد رکن سندھ اسمبلی جام اویس کےگھر سے ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر بھی برآمدکرلیا۔
پولیس کے مطابق قتل کی واردات کے بعد ڈی وی آر موقع سے غائب کردیا گیا تھا ،پولیس نے ملزمان کے موبائل ڈيٹا کی مدد سے بھی تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ایم پی اے جام اویس کو پروٹوکول نہیں دیا جارہا، وہ لاک اپ میں ہیں ، انہیں عدالت پیشی کے موقع پر ہتھکڑی نہ لگانے کی بھی تفتیش ہورہی ہے۔
خیال رہے کہ مقتول کے بھائی کا الزام ہےکہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام اویس کے مہمانوں کے شکار کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناظم جوکھیو کو قتل کیا گیا ، ناظم کی لاش کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے قریب سے ملی تھی۔