سپریم کورٹ نے اے پی ایس از خود نوٹس کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا

سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) از خود نوٹس کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

3 صفحات پر مشتمل حکم نامہ چیف جسٹس گلزار  احمد نے تحریرکیا ہے،حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ انہوں نے20 اکتوبرکا حکم نامہ پڑھا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ وزیر اعظم نے عدالت اور شہداکے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ انصاف دلانےکے لیے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرےگی اور ہر ممکن اقدامات کرےگی، حکومت غفلت کے مرتکب افراد کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

عدالت نے قرار دیا کہ بچوں کے والدین شہادتوں پر کوئی بھی عذر قبول کرنے کو تیار نہیں، والدین 20 اکتوبر کے فیصلے میں نامزد افراد کو غفلت کا ذمہ دار سمجھتے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ حکومت شہدا کے والدین کا مؤقف سن کر کارروائی کرے۔

 عدالت نے اٹارنی جنرل کو وزیراعظم کی دستخط شدہ رپورٹ چار ہفتوں میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہےکہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اے پی ایس از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا عدالت میں کہنا تھا کہ ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے، میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں، آپ حکم کریں ہم کارروائی کریں گے۔

 سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین کا مؤقف سن کر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی تھی۔

مزید خبریں :