کھیل
Time 13 نومبر ، 2021

ویرات کوہلی دیگر فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑدیں: شاہد آفریدی کا مشورہ

آئی پی ایل ٹیم دکن چارجرز میں روہت شرما کے ساتھ کھیلا ہے، وہ بہترین شاٹ سلیکشن رکھنے والے کھلاڑی ہیں/ آفریدی، فائل فوٹو
 آئی پی ایل ٹیم دکن چارجرز میں روہت شرما کے ساتھ کھیلا ہے، وہ بہترین شاٹ سلیکشن رکھنے والے کھلاڑی ہیں/ آفریدی، فائل فوٹو

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کو دیگر دو فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کے فیصلے کو سراہا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ روہت شرما ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور شاٹ سلیکشن ان کی خصوصیت ہے، وہ فیلڈ میں پرسکون اور جارحیت کا درست مکس اپ ہیں۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئی پی ایل ٹیم دکن چارجرز میں روہت شرما کے ساتھ کھیلا ہے، وہ بہترین شاٹ سلیکشن رکھنے والے کھلاڑی ہیں، جہاں ضرورت ہوتی ہے وہ مطمئن رہتے ہیں اور جہاں جارحیت دکھانا ہوتی ہے وہ ایسا ہی کرتے ہیں، انہوں نے ان کے دونوں انداز دیکھے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں کپتانی کی تبدیلی کا عمل ہونا تھا لیکن روہت شرما کو لازمی چانس ملنا چاہیے۔

سابق کرکٹر نے اس موقع ویرات کوہلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کوہلی کو بطور کھلاڑی اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانا چاہیے، انہیں بھارتی ٹیم کے دیگر دو فارمیٹس کی کپتانی سے بھی دستبرداری اختیار کرنی چاہیے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کپتانی کوئی آسان ٹاسک نہیں اور خاص کر پاکستان، بھارت جیسے ممالک میں یہ بہت مشکل ہے، جب تک سب ٹھیک چل رہا ہو تو کپتانی اچھی رہتی ہے اس لیے ویرات کو صرف بطور کھلاڑی آگے چلنے کا فیصلہ کرنا چاہیے، اس سے ان پر پریشر میں کمی آئے گی اور وہ کرکٹ سمیت اپنی بیٹنگ کو انجوائے کریں گے۔


مزید خبریں :