14 نومبر ، 2021
کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور مقتول ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور کپڑے جام ہاؤس کے قریب کنویں سے مل گئے ہیں۔
جیو نیوز کی ٹیم کی موجودگی میں کنویں سے کپڑے اور موبائل فون نکالا گیا۔ کیس کے تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور کپڑے کنویں میں پھینک کر کنویں میں آگ لگائی گئی تھی۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر تفتیشی ٹیم کنویں پرپہنچی، موبائل فون کافی حد تک جل چکا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو کا موبائل فون اور کپڑے فارنزک آڈٹ کے لیے پنجاب فارنزک لیبارٹری بھیجے جائیں گے، فارنزک رپورٹ آنے پر تفتیش میں پیشرفت ہو گی۔
تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ ناظم جوکھیو کو جام ہاؤس کے ویئر ہاوس میں رکھا گیا اور وہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جام ہاؤس کے ویئر ہاؤس سے تمام شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقدمے میں ایم پی اے جام اویس سمیت 5 افراد کو نامزد کیا گیا تھا، 164 کے بیان کے بعد مزید 11 ملزمان کے نام مقدمے میں شامل کیے گئے۔
حکام کا یہ بھی بتانا ہے کہ ایم این اے جام عبدالکریم سمیت 4 ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری کروا لی ہے جبکہ مقدمے میں اب تک جام اویس سمیت 6 ملزمان گرفتارہیں۔