17 نومبر ، 2021
قومی ٹیم کے سابق اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی 2022 میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) میں اپنا آخری سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیل سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے پی ایس ایل سیزن 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے کا قوی امکان ہے، اس حوالے سے ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں برس جون میں شاہد آفریدی کا بھی ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے اگلے سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہیں گے۔
شاہد آفریدی کے اس بیان کی تصدیق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میڈیا مینیجر اعظم خان کی جانب سے بھی کی گئی تھی۔
دوران انٹرویو شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ اگر ملتان سلطانز انھیں ریلیز کر دے تو وہ اپنے پی ایس ایل کے آخری سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا چاہیں گے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کے اگلے اور ساتویں سیزن کا انعقاد 2022 میں دسمبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد کیا جائے گا۔
شاہد آفریدی نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی تاہم فی الحال آفریدی کے ملتان سلطانز ٹیم کو چھوڑنے کے حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آسکی ہے۔