18 نومبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ ووٹنگ کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) کے استعمال کا فیصلہ ایسا ہی ہے جیسے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر لانا تھا۔
اسلام آباد میں سمندر پارپاکستانیوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نےکہا کہ 8 سال کوشش کے بعد وہ پاکستان کرکٹ میں نیوٹرل امپائر لائے ، اس کا انہیں کیا فائدہ تھا!کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے تبدیلی نہیں چاہتے۔
وزیراعظم نےکہا کہ ٹیکنالوجی سے فائدہ نہ اٹھانا احمقانہ سوچ ہے ، ووٹ ڈالنے کا حق ملنے سے اب ہر حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی قدر کرےگی، بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ووٹنگ میں حصہ لے سکیں گے، ووٹنگ مشینیں ساری دنیا میں کام کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور آف اٹارنی کاحصول سمندرپار پاکستانیوں کے لیے بڑ امسئلہ تھا، پاور آف اٹارنی کے عمل سے 75 ہزارپاکستانیوں کوگزرنا پڑتاہے، ڈیجیٹل پورٹل سے اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت ہوگی، اوورسیز پاکستانیوں کی زندگی آسان کرنےکے بجائے مشکلات پیدا کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمارے دور میں 30ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں، اوورسیز پاکستانیوں کو سب سے بڑا محب وطن سمجھتاہوں، انہیں ووٹ کاحق دےکرپاکستان کی جمہوریت میں شامل کرلیا ہے۔