Time 19 نومبر ، 2021
پاکستان

’لاہور میں اسموگ ڈینگی اور کورونا سے زیادہ بڑا معاملہ ہے‘

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو اسموگ کا معاملہ دیکھنے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی/ فائل فوٹو
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو اسموگ کا معاملہ دیکھنے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی/ فائل فوٹو

چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے اسموگ کو ڈینگی اور کورونا سے زیادہ بڑا معاملہ قرار دیدیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کی روک تھام کے اقدامات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں فوکل پرسن جوڈیشل واٹرکمیشن ہائیکورٹ اور چیف ٹریفک آفیسر لاہور عدالت میں پیش ہوئے۔

فوکل پرسن نے عدالت کو بتایا کہ  سڑکوں کےکٹ ختم کرنے سے ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوا ہے جب کہ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ گلاب دیوی انڈرپاس کی وجہ سے والٹن روڈ پر ٹریفک بڑھا اور اب وہاں گڑھے بن چکے ہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ یہ درست ہے گڑھا پڑنے سے ٹریفک بلاک ہوتا ہے،  جہاں مرمت کی ضرورت ہے آپ حکومت کے وکیل کو بتا دیا کریں۔

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے 93 خطوط لکھ چکا،کچھ نہیں ہوا، مستقبل میں ہمیں سخت قوانین بنانے ہوں گے، ٹو اسٹروک گاڑیوں پر پابندی لگنی چاہیے کیونکہ یہ بہت دھواں چھوڑتی ہیں۔

سی ٹی او  نے مزید کہا کہ اسموگ ڈینگی اور کورونا سے بڑا معاملہ ہے جس پر جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ  اسموگ پر فوری اقدامات کے ساتھ لانگ ٹرم پلاننگ بھی کرنا ہوگی۔

عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو اسموگ کا معاملہ دیکھنے کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے تمام متعلقہ محکموں کو فوکل پرسن کا تقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  فوکل پرسنز اسموگ کےخاتمےکے لیے سی ٹی او کو قلیل مدتی اقدامات تجویز کریں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

لاہور آلودہ ترین شہروں میں پھر سرفہرست

دوسری جانب دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج بھی سرفہرست ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق، لاہور کی فضا انتہائی آلودہ ہے جہاں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 516 تک جا پہنچی ہے۔

مزید خبریں :