خالی جیب آیا تھا لیکن کراچی آپ کو کروڑ پتی بنا دیتا ہے: بلال قریشی

جیو  کے ڈرامہ  سیریل ’منافق‘ میں حمزہ کے کردار سے دلوں میں جگہ بنانے والے اداکار بلال قریشی نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز سے متعلق گفتگو کی۔

 جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بلال قریشی نے کہا کہ اگر میں اپنی بات کروں تو اس شہر میں خالی جیب آیا تھا  لیکن کراچی آپ کو کروڑ پتی بنا دیتا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے لیکن کراچی نے انہیں بہت کچھ دیا، یہاں تک کہ انہیں شریک حیات بھی اسی شہر سے ملی۔

ڈرامہ سیریل منافق کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بلال قریشی کا کہنا تھا کہ حمزہ کا کردار کسی اور کو کرنا تھا مگر اچانک عبد اللہ قریشی نے انہیں فون کرکے یہ کردار کرنے کو کہا، وہ عبد اللہ قریشی کو  اپنا بڑا بھائی مانتے ہیں اس لیے آفر کو ٹھکرا نہ سکے اور اس رول کے لیے ہاں کردی،حمزہ کا کردار نبھانے کے بعد لوگوں کا بہت پیار ملا۔

ہر پل جیو پر حال ہی میں ختم ہونے والے ان کے ڈرامے ’بیچاری قدسیہ‘ کے حوالے سے جب ان سے سوال کیا گیا کہ ڈرامے کی کہانی کی طرح کیا انہوں نے بھی کبھی سوسائٹی میں اچھا دکھنے اور اچھا پہننے کا دباؤ محسوس کیا؟

اداکار نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں یہ دباؤ بہت زیادہ ہے یہاں لوگ کسی کے وزن تو کسی کے لمبے اور چھوٹے قد پر تبصرہ کرتے ہیں اور پتا نہیں کب ہمارا معاشرہ ان فضولیات سے باہر نکلے گا  البتہ ان باتوں کا اثر لینے کے بجائے انسان کو اپنے کام پر فوکس کرنا چاہیے۔

بلال قریشی نے اپنی ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بسوں کے چکر بھی کھائے اور آڈیشنز کی لمبی لائنیں بھی برداشت کیں، برے وقت میں انہیں یہ خیال بھی آیا کہ آخر وہ ہی کیوں ان مشکلات کا شکار ہوئے ہیں لیکن آخر کار وہ مشکلیں ان کی کامیابی کی سیڑھیاں بن گئیں۔

مزید خبریں :