Time 19 نومبر ، 2021
کھیل

پاک بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوٹرل امپائرز کیوں نہیں ہیں؟

میچ کھیلنے والی ٹیموں سے تعلق رکھنے والے ملک کے امپائرز کی تعیناتی سے جانبداری کا اندیشہ تو ہوتا ہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نیوٹرل امپائرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا— فوٹو: پی سی بی
میچ کھیلنے والی ٹیموں سے تعلق رکھنے والے ملک کے امپائرز کی تعیناتی سے جانبداری کا اندیشہ تو ہوتا ہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نیوٹرل امپائرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں بنگلادیش کے دورے پر ہے جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکا میں کھیلا گیا۔

پاکستانی شاہینوں نے اس میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔

پاکستانی شائقین سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر میچ کے دوران بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق اپنے ردعمل کا اظہار کرتے رہے البتہ دو چیزیں شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ ایک کمنٹری کا معیار اور دوسرا نیوٹرل امپائرز کا نہ ہونا۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں نیوٹرل امپائرز کی تعیناتی کا فیصلہ اس لیے کیا گیا تھا تاکہ کھیل میں جانبداری کو ختم کیا جاسکے اور یہ ضروری ہے کہ جن دو ٹیموں کے درمیان میچ ہورہا ہو ان ممالک کے امپائرز میچ کو سپروائز نہ کریں بلکہ ان کا تعلق کسی تیسرے ملک سے ہونا چاہیے۔

اسکرین شاٹ کرک انفو
اسکرین شاٹ کرک انفو

لیکن پاک بنگلادیش ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بنگلادیشی امپائرز کیوں کھڑے ہورہے ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ جب 2020 میں دنیا بھر کو کورونا وائرس کی وبا نے جکڑا تو اس دوران کرکٹ کے بہت سے قوانین میں تبدیلی کی گئی جن میں گیند کو تھوک لگا کر رگڑنا، امپائرز کو رومال یا ٹوپی پکڑوانا وغیرہ شامل ہیں۔

ان ہی میں ایک فیصلہ یہ بھی کیا گیا کہ جب تک حالات مکمل طور پر بہتر نہیں ہوجاتے باہمی سیریز میں میزبان ملک کے امپائرز کو کھڑا کیا جاسکے گا۔ یہی وجہ ہے کہ پاک بنگلادیش پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سارے امپائرز اور ریفریز بنگلادیشی تھے۔

سوشل میڈیا صارفین نے میچ میں امپائرنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔

ممکن ہے کہ امپائرز نے کسی حد تک جانبداری کا مظاہرہ کیا ہو لیکن جدید دور کی کرکٹ میں امپائرز کیلئے جانبداری کا مظاہرہ کرنا انتہائی مشکل ہوچکا ہے کیوں کہ جدید کیمرے باریک سے باریک غلطی بھی پکڑ لیتے ہیں۔

ایسا نہیں کہ صرف پاک بنگلادیش سیریز میں نان نیوٹرل امپائرز فرائض انجام دے رہے ہیں بلکہ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان سیریز میں بھی تمام میچز میں بھارتی امپائرز ہی تعینات ہورہے ہیں۔

اسکرین شاٹ کرک انفو
اسکرین شاٹ کرک انفو

میچ کھیلنے والی ٹیموں سے تعلق رکھنے والے ملک کے امپائرز کی تعیناتی سے جانبداری کا اندیشہ تو ہوتا ہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کو اس سے پاک کرنے کے لیے نیوٹرل امپائرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :