Time 19 نومبر ، 2021
کھیل

’پاک بنگلادیش کرکٹ میچ میں ریسلنگ کی کمنٹری؟‘

پاک بنگلادیش پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کمنٹری کے فرائض بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے اطہر علی خان (دائیں) اور شمیم چوہدری (بائیں) نے بھی انجام دیے— فوٹو: فائل
پاک بنگلادیش پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کمنٹری کے فرائض بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے اطہر علی خان (دائیں) اور شمیم چوہدری (بائیں) نے بھی انجام دیے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں بنگلادیش کے دورے پر ہے جہاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکا میں کھیلا گیا۔

پاکستانی شاہینوں نے اس میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔

پاکستانی شائقین سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر میچ کے دوران بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق اپنے ردعمل کا اظہار کرتے رہے لیکن ایک چیز جو میچ دیکھنے والے تقریباً ہر  شخص نے محسوس کی وہ تھی میچ کے دوران کی جانے والی کمنٹری۔

پاک بنگلادیش پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کمنٹری کے فرائض بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے اطہر علی خان اور شمیم چوہدری نے بھی انجام دیے۔

اطہر علی خان بنگلادیش کے سابق کرکٹر ہیں جبکہ شمیم چوہدری بھی کرکٹ کے حوالے سے کافی معلومات رکھتے ہیں۔ بنگلادیش کی ہوم سیریز میں یہ دونوں کمنٹری کے فرائض اکثر انجام دیتے ہیں۔

تاہم آج پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ان کی کمنٹری پاکستانی شائقین کو پسند نہیں آئی اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اس پر خوب تنقید بھی کی۔

خاص طور پر اطہر علی خان کی کمنٹری کو لوگوں نے بالکل پسند نہیں کیا جبکہ کمنٹیٹرز پر میچ کے دوران حد سے زیادہ جانبداری کا بھی الزام عائد کیا گیا۔ ایک صارف نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے ’کرکٹ میچ میں ریسلنگ کی کمنٹری چل رہی ہو۔‘



مزید خبریں :