پاکستان
Time 25 نومبر ، 2021

گلاسگو کانفرنس میں زرتاج گل، امین اسلم سے لڑکر وطن واپس آگئی تھیں، ریاض فتیانہ کا دعویٰ

 پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے برطانیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر زرتاج گل اور وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم کے درمیان مبینہ لڑائی کی تحقیقات کی ہدایت کردی۔

تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اور  پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے رکن  ریاض فتیانہ نے پی اے سی کوبتایاکہ برطانیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیات کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر زرتاج گل اور وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم کے درمیان لڑائی ہوگئی تھی اور زرتاج گل کانفرنس چھوڑ کروطن واپس آ گئیں۔

ریاض فتیانہ کا یہ بھی کہنا تھاکہ گلاسگو میں منعقدہ کانفرنس میں افسران کی نااہلی کے باعث پاکستان کی نمائندگی بھی غیرمعیاری تھی، نیپال اور دوسرے ممالک کے وفد کو پاکستانی کیمپ میں کسی افسرنے ریسیو نہیں کیا۔

چئیرمین کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ  وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نااہل افسران کے باعث قومی خزانے کوکروڑوں روپے کانقصان ہوا، اس معاملے کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب  ملک امین اسلم نے زرتاج گل سے جھگڑے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے گلاسگو میں جھگڑے کی خبروں کو بے بنیاد قراردے دیا۔

ملک امین اسلم نے ریاض فتیانہ کےخلاف پارٹی کےانضباطی ونگ سے رجوع کرنےکا بھی اعلان کیا ہے۔

 ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ  ریاض فتیانہ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں کی گئی گفتگو جھوٹی ہے،  زرتاج گل کو  پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی وجہ سےجلد وطن آنا پڑا، کانفرنس پر پاکستان کا ایک روپیہ بھی نہیں خرچ ہوا،کانفرنس مکمل طور  پر غیر ملکی ڈونرز کے تعاون سے ہوئی۔

 ان کا کہنا ہے کہ ریاض فتیانہ کو غلط فہمی کیوں ہوئی سمجھنے سے قاصر ہوں، ریاض فتیانہ بغیر کسی دعوت کے ایک این جی اوکی اسپانسرشپ پر پہنچے تھے، پارٹی ریاض فتیانہ کے الزامات کی تحقیقات کرے۔

مزید خبریں :