پاکستان
Time 30 نومبر ، 2021

بھٹو کی بیٹی کو چور کہنے والے آج خود سرٹیفائیڈ چور ہیں: بلاول کی نام لیے بغیر ن لیگ پر تنقید

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو آر ٹی ایس 2 قرار دے دیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے نام لیے بغیر شریف خاندان پر بھی تنقید اور کہا کہ کہ فون کال کا نظام کل بھی غلط تھا آج بھی غلط ہے، پارلیمان اور عدلیہ ایسا فیصلہ سنائیں کہ کسی کی آئندہ ایسا کرنے کی ہمت نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جو بھٹو کی بیٹی کو چور چور کہتے تھے آج خود سرٹیفائیڈ چور ہیں، جو فون کال کرکے عدالت پر دباؤ ڈالتے تھے کہ بے نظیر اور آصف زرداری کو بیس بیس سال سزا دو ، آج  ان کے خلاف ٹیپس نکل رہے ہیں۔

بلاول نے وزیراعظم پر بھی وار کیے اور کہا کہ عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے، انہیں لندن یا سعودی عرب لے جانے کے لیے کوئی طیارہ نہیں آئے گا۔ 

پشاور میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے ای وی ایم الیکشن مستردکرنےکا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ انتخابی اصلاحات کے نام پر اوور سیز پاکستانیوں سے کھیل کھیلاجا رہا ہے،کیسے ہوسکتا ہےکہ پیرس میں بیٹھا  آدمی ووٹ ڈالے اور نتیجہ پشاورکا  آئے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کو مسترد کرتے ہیں، ای وی ایم زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین آرٹی ایس ٹو ہے، چاہتے ہیں کہ اوورسیزپاکستانیوں کی حقیقی نمائندگی ہو جعلی نہ ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بجائے خودکشی کریں گے، حکومت کی معاشی پالیسی کی وجہ سے ہر طبقہ پریشان ہے، غریب جائے تو جائے کہاں ؟ حکومت نے عام آدمی کا جینا حرام کردیا ہے، آپ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں ہم عوام دوست معیشت لے کر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سازش کرنے والوں کو سازش کرنے دیں ، ٹیپ کرنے والوں کو ٹیپ نکالنے دیں، سازش یا تیسرے راستے سے حکومت میں نہیں آنا چاہتے، صرف عوامی سیاست مانتے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ عمران خان کلبھوشن کواین آر او دینےکی کوشش کر رہے ہیں، بھارتی جاسوس نے حکومت کے آرڈیننس کا فائدہ نہیں لیا،کلبھوشن کے این آراوکی مخالفت سڑکوں اور عدالتوں میں کریں گے۔

 بلاول کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات ہوتو اس کا بھی طریقہ ہوتا ہے، حکومت دہشت گردوں کی وجہ سے ایف سی آرکا نظام نافذ کرنا چاہتی ہے، رات کے اندھیروں میں دہشت گردوں سے بات چیت کی جارہی ہے،سنگین جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو سزا دی جائے، اگریہ واقعی اسلام کے ماننےوالے ہیں تو عورتوں اوربچوں کے قاتلوں کوپکڑکر دیں، یہ جنگ ہم جیت چکے ہیں اور صدر اور وزیرخارجہ دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔

مزید خبریں :