05 دسمبر ، 2021
سیالکوٹ میں غیر مسلم سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو ہجوم سے بچانےکی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کی جان بچانےکی ہر ممکن کوشش کی،کبھی دلائل دیے،کبھی رحم کی بھیک مانگی، لیکن وحشت اور درندگی کے آگے بے بس ہوگیا۔
ملک عدنان اور ایک اور ہم درد شہری پولیس کی حفاظتی تحویل میں موجود ہیں، سیاہ جیکٹ پہنے دوسرے شہری نےلاش کو جلائے جانے سے بچانے کی کوشش کی، انسانیت کی شمع روشن رکھنے والے دو انسان معاشرے کے لیے مثال بن کر سامنے آگئے۔
خیال رہےکہ پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانےکی کوشش کررہے ہیں۔
ہجوم کے تشدد کے وقت ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کوکَور کیا ہوا تھا اور وہ خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے، سوشل میڈیا پر بھی ملک عدنان کی بہادری اور انسان دوستی کے جذبے کی تعریف کی جارہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ پنجاب حکومت نے بھی ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینےکا اعلان کیا ہے۔