07 دسمبر ، 2021
وفاقی کابینہ نے لاپتہ صحافی مدثر نارو کے خاندان کی وزیراعظم اور کابینہ سے ملاقات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے عدالتی فیصلے کو آئین میں دیے اختیارات سے متصادم قرار دے دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ فورمز کے باوجود معاملات کابینہ کوبھیجنے کے عدالتی فیصلے بڑھتے جارہے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم اختیاراتی مثلث کے آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔
کابینہ کا مؤقف ہے کہ ایسے معاملات کو دیکھنے کیلئے متعلقہ ادارے موجود ہیں، حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر انتہائی سنجیدہ ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کر کے پھر صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم اور کابینہ کو صحافی مدثر نارو کی والدہ اور بیٹے سے ملنے کا حکم دیا تھا اور ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ وزیراعظم اور کابینہ مدثر نارو کی فیملی کو مطمئن کرے۔