09 دسمبر ، 2021
دنیا بھر میں پھیلے کورونا کا خطرناک ویرینٹ اومی کرون کا پہلا مشتبہ کیس پاکستان میں بھی رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اومی کرون کا کیس کراچی کے ایک نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا۔
محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کورونا پازیٹو ہیں اور انہیں نجی اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام محکمہ صحت سندھ کے مطابق متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے، خاتون کی کانٹیکٹ ٹریسنگ کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سومرو کا کہنا ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کا پاس پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، متاثرہ خاتون کے رشتے داروں اور ملنے والوں کا کورونا ٹیسٹ ہو گا۔
قاسم سومرو کا بتانا ہے کہ انٹرنیشنل فلائٹس کھلی ہونے کے باعث اومی کرون ویرینٹ کا ہونا ظاہر تھا، عالمی سطح پر اومی کرون کے بعض کیسز میں پی سی آر ٹیسٹ پازیٹو نہیں تھے۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ بہت زیادہ تغیر پزیر (Mutated) ہے جبکہ ہمارے پاس پی سی آر کٹس ڈیلٹا ویرینٹ پر فوکسڈ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی ٹریول ہسٹری معلوم کی جا رہی ہے، خاتون جس فلائٹ میں آئیں اس کے تمام مسافروں کو بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا سے سامنے آنے والا کورونا کا انتہائی خطرناک ویرینٹ ’اومی کرون‘ امریکا، برطانیہ، بھارت اور جاپان سمیت بہت سے مغربی ممالک میں بھی سامنے آ چکا ہے۔