آرٹس کونسل کراچی میں 14ویں عالمی اُردو کانفرنس کا آغاز ہوگیا

آرٹس کونسل کراچی میں14ویں عالمی اُردو کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نےکراچی آرٹس کونسل میں چودہویں عالمی اُردو کانفرنس کا افتتاح کیا۔

آرٹس کونسل کراچی  میں منعقد ہونے والی چودہویں عالمی اُردو کانفرنس میں زہرہ نگاہ، نورالہدیٰ شاہ، کشور ناہید سمیت شعر و ادب سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات بہ نفسِ نفیس موجود تھے جبکہ گوپی چند نارنگ اور افتخار عارف نے آن لائن شرکت کی۔

 چودہویں عالمی اُردو کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے جنہوں نے سانحہ سیالکوٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتاب ہی انتہا پسندی کا راستہ روک سکتی ہے۔

اُردو کانفرنس  کے پہلے سیشن کو بھارتی دانشور گوپی چند نارنگ نے اپنی زبان دانی سے سجایا، بولے،جیسے عمارتوں میں عمارت تاج محل ،ویسے ہی زبانوں کی زبان اُردو ہے۔

چودھویں عالمی اُردو کانفرنس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کے بعد صوبائی وزیر صحت نے بھی تقریر کا آغاز شعر پڑھ کر کیا۔

اُردو کانفرنس کے پہلے روز کا اختتام موسیقی سے ہوا، اگلے تین روز اُردو کے عاشق پاکستان سمیت 10 ممالک سے آئے ادیبوں، شاعروں اور دانشوروں کے فیض سے فیضیاب ہوتے رہیں گے۔

مزید خبریں :