Time 10 دسمبر ، 2021
دنیا

سنگاپور میں اومی کرون کی مقامی منتقلی کا پہلا کیس رپورٹ

حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے اومی کرون کے مزید کیسز بھی سامنے آسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل
حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے اومی کرون کے مزید کیسز بھی سامنے آسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

سنگاپور میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والا کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

جنوبی افریقا سے سامنے آنے والا اومی کرون ویرینٹ کے کیسز امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور بھارت سمیت مختلف ممالک میں سامنے آ چکے ہیں۔

سنگاپور کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والے پہلے کیس کی تشخیص ائیرپورٹ اسٹاف کے ایک ممبر میں ہوئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے خبردار کیا  گیا ہے کہ سنگاپور میں اومی کرون کے مزید کیسز بھی سامنے آسکتے ہیں۔

حکام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جب ائیرپورٹ کے فرنٹ لائن اسٹاف کے معمول کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تو خاتون ورکر میں اومی کرون کی تشخیص ہوئی تاہم خاتون کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے اور اس میں کسی قسم کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔

سنگاپور کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کی 24 سالہ خاتون ورکر شاید اومی کرون سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافر سے ملی تھی جس سے وائرس اس میں منتقل ہوا۔

یاد رہے کہ تین روز قبل بھی سنگاپور میں جرمنی سے سفر کر کے آنے والے ایک شخص میں اومی کرون کی تشخیص ہوئی تھی۔

سنگاپور کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اومی کرون سے متاثرہ دونوں افراد کو کورونا کی بوسٹر ڈوز لگا دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ سنگاپور میں 96 فیصد اہل افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے اور سیاحتی ملک میں عوام کو بوسٹر دوز لگانے کا عمل جاری ہے۔

مزید خبریں :