14 دسمبر ، 2021
امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ کابل میں ہونے والے ڈرون حملے پر کسی امریکی فوجی یا عہدیدار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
ترجمان پینٹاگون جان کربی نے کہا وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کو کابل کابل ڈرون حملے سے متعلق رپورٹ ملی جس میں احتساب کی تجویز نہیں تھی۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ عمل درآمد میں کوتاہی تھی، غفلت، بے انتظامی اور ناقص قیادت نہیں تھی، وزیر دفاع نے کابل حملے سے متعلق رپورٹ میں دی گئی تجاویز کی منظوری دیدی ہے، وزیر دفاع نے مزید احتسابی عمل کے لیے ہدایات نہیں دیں۔
یاد رہے کہ 29 اگست کو امریکی ڈرون حملے میں 7 بچوں سمیت 10 معصوم افغان شہری مارے گئے تھے۔
امریکی حکام کی جانب سے پہلے کہا گیا تھا کہ کابل میں ڈرون حملہ شدت پسندوں کا گڑھ سمجھ کر کیا گیا تھا، ابتدائی رپورٹ کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مکینزی نے معافی بھی مانگی تھی۔
امریکی ائیر فورس کے انسپکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سمیع ڈرون حملے کو افسوسناک اور صریحاً غلطی قرار دے چکے ہیں۔