پاکستان
Time 14 دسمبر ، 2021

پریانتھا کمارا کے قتل کے معاملے پر رانا ٹنگا کا وزیراعظم عمران خان کو خط

ایسے پرتشدد رویے کی سخت مذمت کی جانی چاہیے، سابق سری لنکن کپتان رانا ٹنگا کا خط— فوٹو: فائل
ایسے پرتشدد رویے کی سخت مذمت کی جانی چاہیے، سابق سری لنکن کپتان رانا ٹنگا کا خط— فوٹو: فائل

سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کے معاملے پر سابق سری لنکن کرکٹر رانا ٹنگا نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ دیا۔

سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے وزیراعظم عمران خان کو خط میں لکھا کہ آپ کی حکومت کی پریانتھا کمارا کو انصاف دلانے کی کوششوں کی ستائش کرتا ہوں،  ایسے پرتشدد رویے کی سخت مذمت کی جانی چاہیے،  یہ کارروائیاں آبادی کے ایک چھوٹے سے حصے کی طرف سے کی جاتی ہیں، چند لوگوں کے اعمال پر پوری قوم بالخصوص پاک سری لنکا تعلقات کو نہیں پرکھا جانا چاہیے۔

رانا ٹنگا نے کہا کہ دونوں قوموں کے درمیان رشتہ ہمیشہ مضبوطی اور یکجہتی کا رہا ہے، جب سری لنکا مشکل کا شکار تھا تو یہ پاکستان ہی تھا جس نے ہمارے فوجیوں کا ساتھ دیا، 1996 میں دیگر ممالک نے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے سری لنکا آنے سے انکار کر دیا تھا، پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا  آکر حمایت کا اظہار کیا۔

رانا ٹنگا نے عمران خان کے نام خط میں مزید کہا کہ کرکٹ ہو  یا سیاست آپ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کرنے میں غیر متزلزل رہے ہیں، جب سے آپ وزیر اعظم بنے ملک کے متنازع مسائل کو احتیاط سے حل کر رہے ہیں، امید ہے آپ پاکستانی کمیونٹی کے چند گمراہ افراد کو عزت سے برتاؤ کرنا سکھا سکیں گے۔

رانا ٹنگا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کا عکس
رانا ٹنگا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کا عکس

رانا ٹنگا نے کہا کہ بھیانک جرم کے مرتکب تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر آپ کا شکر گزار ہوں۔

پسِ منظر

خیال رہے کہ 3 دسمبر کو سیالکوٹ کی اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا تھا، پریانتھا کمارا جان بچانے کے لیے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو چھت سے نیچے پھینک دیا اور انہیں جان سے ہی مار ڈالا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لےگئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

مزید خبریں :