,
Time 16 دسمبر ، 2021
پاکستان

مطالبات پورے کرنے کی حکومتی یقین دہانی پر ’گوادر کو حق دو تحریک‘ کا دھرنا ختم

کوئٹہ : گوادر میں گزشتہ کئی روز سے ’گوادر کو حق دو تحریک‘  کے نام سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

حکومت کی جانب سے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کے بعد تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمٰن نے گوادر  میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی ’گوادر کو حق دو‘  تحریک کے دھرنے میں پہنچے جہاں انہوں نے مظاہرین کے رہنماؤں سے مذاکرات کیے۔

مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گوادر کو حق دو تحریک کے تمام مطالبات جائز  ہیں، لوگوں کو ترقی دینا اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، غیرقانونی فشنگ پر مکمل پابندی لگادی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس حوالے سے محکمہ فشزیز اور کمشنر مکران کو ہدایات بھی جاری کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ گروک روڈ پر کام جلد شروع ہوگا، پسنی تربت روڈ پر جلد ٹینڈر طلب کیا جائے گا۔

تحریک کے سربراہ کا نام فورتھ شیڈول سے نکال دیا گیا

جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان نے معاہدے کے بعد مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا— فوٹو: اسکرین گریب
جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان نے معاہدے کے بعد مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا— فوٹو: اسکرین گریب

مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد گوادر کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت االرحمٰن کا نام فورتھ شیڈول سے نکال دیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے معاہدہ پر دستخط کیے۔

جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان نے معاہدے کے بعد مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ گوادر میں گزشتہ کئی روز سے دھرنا جاری تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر اور زبیدہ جلال کو گوادر کا دورہ کرنے اور صورتحال کو حل کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر آج اسد عمر اور زبیدہ جلال بھی گوادر پہنچے۔

علاوہ ازیں اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر آج انہوں نے زبیدہ جلال اور خالد منصور کے ساتھ گوادر کا دورہ کیااور  وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کی ٹیم کے ساتھ تفصیلی میٹنگ میں گوادر کے تمام منصوبوں کا جائزہ لیا اور کام کو تیز تر کرنے کے لیے فیصلے کیے۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ گوارد کے عوام ان منصوبوں کا اثر اپنی روز مرہ زندگی میں دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ گوادر کو حق دو  تحریک کے شرکاء سمندر میں غیرقانونی ٹرالنگ روکنے، مکران میں چیک پوسٹوں کے خاتمے اور گوادر کو  پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں ایک ماہ سے زائد عرصے سے احتجاج کر رہے تھے۔ 

مزید خبریں :