Time 22 دسمبر ، 2021
پاکستان

اِن سے ملک نہیں چلایا جارہا، پہلے بھی کہا تھا طاقت عوام کے پاس ہے، آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِن سے ملک نہیں چلایا جارہا، پہلے بھی کہا تھا طاقت عوام کے پاس ہے، سندھ کا ماسٹر  پلان بنائیں گے، سندھ پورا ملک چلا رہا ہے، ہم ملک کو بھرپور ترقی دیں گے۔

آصف زرداری نے گوٹھ مہر علی جمالی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےخیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کیے، زندگی میں اتار چڑھاؤ چلتا رہتا ہے، جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے منشور میں جھوٹے وعدے نہیں کیے،ہمیں انجینیئرڈ انتخابات  میں شکست دی گئی، اس وقت ملک میں غربت ہے، لوگوں کے حالات خراب ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری نے کسی کا نام لیے بغیر نواب شاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’فارمولہ بنا بنا کرملک کا بیڑا غرق کررہے ہیں، اب یہ عالم ہےکہ وہ فرماتے ہیں کہ آکرہماری مددکریں کوئی ہم طریقہ بنائیں، فارمولہ بنائیں لیکن جواب یہ ہے کہ اب تم کرو اس کی چھٹی پھر کرو ہم سے بات۔‘

آصف زرداری کے اس بیان پر ایک سینیئر دفاعی ذریعے نےکہا ہے کہ آصف علی زرداری کو چاہیے کہ وہ اُس شخص کا نام بتائیں جس نے اُن سے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے رابطہ کیا اور مستقبل کے سیٹ اپ کے حوالے سے مدد کی درخواست کی۔

دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ذریعے نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہر بار غیر ذمہ دارانہ انداز سے بیانات دیے جاتے ہیں اور ڈیل (اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ) کے اشارے دیے جاتے ہیں جو بہت بد قسمت اور غیر ذمہ دارانہ بات ہے۔ 

مزید خبریں :