Time 23 دسمبر ، 2021
پاکستان

بلدیاتی الیکشن: ’ذمہ داروں کے تعین اور تحقیقات کی کوئی رپورٹ وزیراعظم کو نہیں دی گئی‘

19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے مخالفین کو اپ سیٹ شکست دی ہے/ فائل فوٹو
 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے مخالفین کو اپ سیٹ شکست دی ہے/ فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخواحکومت نے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی تحقیقات اور ناکامی کے ذمہ داروں کے تعین پر مبنی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کرنے کی تردید کردی۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے انکوائری رپورٹ سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ میڈیا میں ایسی خبریں زیر گردش ہیں کہ وزیراعظم کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں، وزرا اور منتخب ارکان کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے ان پر بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کی ذمہ داری عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان تمام باتوں کی سختی کے ساتھ تردید کرکے واضح کرتی ہے کہ وزیراعظم کو ایسی کوئی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور ٹکٹوں کے حوالے سے اب تک کوئی انکوائری ہوئی ہےاور نہ ہی ایسی کوئی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی ہے البتہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کی ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور پارٹی کارکردگی کا ضرور جائزہ لیا گیا۔

گزشتہ روز  اس حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا میں منظور نظر افراد کو ٹکٹوں کی تقسیم کے باعث پی ٹی آئی کو شکست ہوئی جس کی رپورٹ وزیراعظم کو دے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 19 دسمبر کو خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے مخالفین کو اپ سیٹ شکست دی ہے۔

4 میں سے 3 شہروں کے میئرز کی نشستیں جیت گئے جس میں تحریک انصاف کا گڑھ سمجھے جانے والا صوبائی دارالحکومت پشاور بھی شامل ہے۔

تحریک انصاف ایک بھی سٹی میئر کا انتخاب نہیں جیت سکی ہے۔

مزید خبریں :