پاکستان
Time 23 دسمبر ، 2021

آصف علی زرداری کا حکومت کیخلاف خود میدان میں آنے کا اعلان

سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت کیخلاف خود میدان میں آنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ وقت آگیا ہے کہ وہ وفاق میں بیٹھ کر حکومت کا مقابلہ کریں، ساتھ ساتھ لاہور میں احتجاجی خیمہ لگانے کا بھی اعلان کیا۔

ٹنڈو الہ یار میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کرنے جا رہاہوں، لاہور میں خیمے لگا کر احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ہمارے درمیان کچھ مسائل ہیں اور یہ مسائل چلتے رہیں گے،  آج میرے لیےمشکل وقت ہے، بچپن کا دوست بچھڑ گیا، لاہور میں خیمے لگا کر احتجاج کرنے جا رہا ہوں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی کام کیے۔

آصف زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ہمارے درمیان کچھ مسائل ہیں، مسائل چلتےرہیں گے، بلاول اور آصفہ بھٹو کی قیادت میں عوام کی خدمت کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آصف زرداری نے کسی کا نام لیے بغیر نواب شاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’فارمولہ بنا بنا کرملک کا بیڑا غرق کررہے ہیں، اب یہ عالم ہےکہ وہ فرماتے ہیں کہ آکرہماری مددکریں کوئی ہم طریقہ بنائیں، فارمولہ بنائیں لیکن جواب یہ ہے کہ اب تم کرو اس کی چھٹی پھر کرو ہم سے بات۔‘

آصف زرداری کے اس بیان پر ایک سینیئر دفاعی ذریعے نےکہا ہے کہ آصف علی زرداری کو چاہیے کہ وہ اُس شخص کا نام بتائیں جس نے اُن سے اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے رابطہ کیا اور مستقبل کے سیٹ اپ کے حوالے سے مدد کی درخواست کی۔

دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ذریعے نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہر بار غیر ذمہ دارانہ انداز سے بیانات دیے جاتے ہیں اور ڈیل (اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ) کے اشارے دیے جاتے ہیں جو بہت بد قسمت اور غیر ذمہ دارانہ بات ہے۔ 

مزید خبریں :