Time 29 دسمبر ، 2021
پاکستان

مدینہ مسجد کی جگہ پارک بحال کرنے کا حکم، انہدام کا کام کل شروع ہوگا

5 منزلہ مدینہ مسجد کے ٹرسٹی جاوید اقبال ایڈووکیٹ کے توسط سے مسجد کمیٹی نے مدرسہ، دکانیں اور کلب ایک دن میں خالی کرنے کی حامی بھرلی— فوٹو: فائل
5 منزلہ مدینہ مسجد کے ٹرسٹی جاوید اقبال ایڈووکیٹ کے توسط سے مسجد کمیٹی نے مدرسہ، دکانیں اور کلب ایک دن میں خالی کرنے کی حامی بھرلی— فوٹو: فائل 

کراچی کے علاقے طارق روڈ پر مدینہ مسجد اور کلب کی تعمیرات منہدم کرکے عدالتی حکم  پر  پارک بحال کرنے کے معاملے میں انتظامی افسران کا اہم اجلاس ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سی) ایسٹ کے دفتر میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتظامی افسران کے علاوہ رینجرز اور پولیس حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں مدینہ مسجد اور کلب کی جگہ پارک بحال کرنے کے سلسلے میں اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ پارک پر قائم مدرسہ، دکانیں یا کلب دو دن میں منہدم کرکے پارک بحال کر دیا جائے گا۔

فیصلہ کیا گیا کہ مدینہ مسجد سے ملحق کلب یا دکانیں منہدم کرنے کا کام کل شروع کیاجائے گا اور اس مقام پر پارک بحال کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 5 منزلہ مدینہ مسجد کے ٹرسٹی جاوید اقبال ایڈووکیٹ بھی اجلاس میں پیش ہوئے۔ ان کے توسط سے مسجد کمیٹی نے مدرسہ، دکانیں اور کلب ایک دن میں خالی کرنے کی حامی بھری جبکہ پارک پر مدینہ مسجد کی تعمیر کا پی ای سی ایچ سوسائٹی کا این او سی پیش کیا گیا۔

ٹرسٹی جاوید اقبال ایڈووکیٹ کے مطابق اس مقام پر پہلے پارک تھا، 1994 میں پی ای سی ایچ ایس انتظامیہ نے جگہ مسجد کیلئے وقف کر دی تھی۔ وقف کے کاغذات پیش کرتے ہوئے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ مدینہ مسجد قبضہ کی جگہ پر نہیں بلکہ وقف جگہ پر قائم کی گئی۔

ادھر مسجد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ نے قبضے کی جگہ کی مساجد کو  بند کرنے کا حکم دیا ہے، یہ احکامات وقف کی جگہ پر لاگو نہیں ہوتے، اسے درست تسلیم کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :