Time 30 دسمبر ، 2021
پاکستان

قتل کیس واپس لینےکیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، ناظم جوکھیوکی بیوہ کا الزام

کراچی کے علاقے ملیر میں قتل ہونے والے ناظم جوکھیو کی بیوہ نے الزام لگایا ہےکہ ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے) جام عبدالکریم ڈیل کرنا چاہتا ہے اور ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

کراچی کی ملیرکورٹ میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ملزم جام اویس سمیت 6 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

 تفتیشی افسر عدالت میں حتمی چالان جمع کروانے میں ناکام رہا جس پر عدالت نے تفتیشی افسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت کی جانب سے تفتیشی افسرکو حتمی چالان جمع کرانےکے لیے آخری 10 یوم کی مہلت دے دی گئی۔ عدالت نے ملزموں کو دوبارہ پیش کرنےکا حکم دیتے ہوئے سماعت 10جنوری تک ملتوی کردی۔

بعدازاں ناظم جوکھیو کی بیوہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئےکہا کہ ناظم جوکھیو کی لاش کا سودا نہیں کریں گے،کیس واپس لینےکے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

ناظم جوکھیو کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ایم این اے جام عبدالکریم، اگر تم نےکچھ نہیں کیا تو سامنے آؤ اور سامنا کرو، وزیراعلیٰ سندھ انصاف دلانےکے اپنے وعدے سے مکرگئے،اب تک کچھ نہیں کیا۔

خیال رہےکہ رواں سال نومبرکے اوائل میں ناظم جوکھیوکی لاش کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے قریب سے ملی تھی۔ مقتول کے ورثاء کا الزام ہےکہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام اویس کے مہمانوں کے شکار کی ویڈیو وائرل کرنے پر ناظم جوکھیو کو قتل کیا گیا۔

مزید خبریں :