Time 31 دسمبر ، 2021
پاکستان

نئے سال پر آتش بازی روکنے کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سال نو پر آتش بازی روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔

شہری نے آج رات 12 بجے کے لیے جاری این او سی واپس لینے کی استدعا کی تھی اور درخواست کے وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے 31 دسمبر کی رات کے لیے این او سی جاری کیا، جی ٹی روڈ بھی ساتھ ہے لہٰذا آتش بازی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد کے بڑے شاپنگ مالز پر 30منٹ تک آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جسے بڑی تعداد میں لوگ دیکھنے آتے ہیں اور اس وجہ سے ٹریفک کے مسائل بھی ہوتے ہیں۔

وکیل درخواست گزار کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوجوان ون ویلنگ اور طرح طرح کی حرکتیں شروع کر دیتے ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ یہ ساری دنیا میں ہوتا ہے صرف یہاں نہیں ہو رہا، یہ تو سعودی عرب میں بھی ہوا ہے، عوام کو انجوائے کرنے دیں۔

بعد ازاں عدالت نے فائر ورک روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

مزید خبریں :