07 جنوری ، 2022
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسم میں اچانک شدید خرابی کے باعث درجن بھر پروازوں کو متبادل ائیرپورٹ پر موڑ دیا گیا۔
ابو ظہبی سے لاہور پہنچنے والی ائیر بلیو کی پرواز پی کے 431 کافی دیر سے فضا میں چکر کاٹ رہی ہے جبکہ دمام سے لاہور پہنچنے والی فلائنس ائیر لائن کی پرواز 178 اسی فضا میں ہولڈ پر ہے۔ اس کے علاوہ دوحا سے لاہور پہنچنے والی قطر ائیر ویز کی پرواز کیو آر 628 بھی چکر کاٹ رہی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی تا لاہور پی کے 302، ابوظہبی تا لاہور پی کے 264 اور جدہ تا لاہور پی کے 9760 کو اسلام آباد اتار لیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متاثر ہونے والی پروازوں کے 447 مسافروں کو خصوصی بسوں کے ذریعے لاہور لے جایا جائے گا جبکہ لاہور سے روانہ ہونے والی پروازیں پی کے 303، لاہور تا کراچی پی کے 9759، لاہور تا جدہ اور پی کے 189 لاہور تا بحرین منسوخ کردی گئی ہیں۔