دنیا
Time 07 جنوری ، 2022

افغانوں کو خوراک، پیسوں اور چھت کیلئے عالمی برادی کی مدد کی ضرورت ہے، طالبان

افغانستان کے نائب وزیراعظم اول اور طالبان کے نائب امیر ملاعبد الغنی برادر نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عالمی برادری سے بغیر کسی سیاسی تعصب کے افغان عوام کے ساتھ تعاون کی اپیل کردی۔ 

اپنے ویڈیو بیان میں ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھاکہ افغانستان میں لوگوں کے پاس کھانا، رہائش، گرم کپڑے اور پیسے نہیں، سرد موسم نے افغان عوام کی حالت زار کو مزید خراب کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ عالمی پابندیوں نے جہاں لوگوں کیلئے معاشی مسائل پیدا کیے ہیں تو وہیں عوام کو روزگار دینے کیلئے گزشتہ 20 سالوں میں کوئی انفراسٹرکچر نہیں بنایا گیا۔

افغان نائب وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ دنیا کو بغیر کسی سیاسی تعصب کے افغان عوام کی مدد کرنا ہوگی اور افغانستان کے معاملے پر اپنی انسانی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ طالبان ملک بھر میں عالمی امداد کی تقسیم میں مدد کیلئے تیار ہیں۔

ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھاکہ امارتِ اسلامی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور تمام سرکاری اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام  کی ہر ممکن مدد کریں۔

خیال رہےکہ افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ ہے اور معاشی حالات ابتر ہوتے جار ہے ہیں۔

عالمی ادارے خبردار کرچکے ہیں کہ مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے کے ساتھ افغانستان کے 38 ملین افراد میں سے نصف آبادی کوبھوک کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :