Time 08 جنوری ، 2022
پاکستان

سیاحت کے فروغ سے ہماری مراد یہ نہیں کہ ایک ہی وقت میں سب آجائیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ سے ہماری مراد یہ نہیں کہ ایک ہی وقت میں سب لوگ آجائیں، اڑتالیس گھنٹوں میں لاکھوں لوگ پہنچ جائیں گے تو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے ، ایک ہفتے سے انتظامیہ کہہ رہی تھی کہ گاڑیاں لے کر مری نہ آئیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سانحہ مری پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے لیے مشکل ہوگیا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں سیاحوں کو دیکھتے، صرف مری ہی نہیں تمام بالائی علاقوں میں اس وقت لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے، مری میں صورت حال بہتر ہو رہی ہے، پھنسے لوگوں کو نکالا جارہا ہے۔

فواد چوہدری کام کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں میں لاکھوں لوگ پہنچ جائیں گے تو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے، سیاحت کے فروغ سے ہماری مراد یہ نہیں کہ ایک ہی وقت میں سب لوگ آجائیں۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے سے انتظامیہ کہہ رہی تھی کہ گاڑیاں لےکر مری نہ آئیں، پھنسی ہوئی گاڑیوں میں زیادہ تر 48گھنٹوں میں مری پہنچی تھیں،اس واقعے سے سیکھ کر آگے منیجمنٹ بہترکرنےکی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں لٹ گئے، مرگئے،بربادہوگئےکی صورت حال نہیں، سیاحت کافروغ بری بات نہیں تاہم مری کے واقعےسے سیکھناضروری ہے۔

خیال رہےکہ مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورت حال انتہائی خراب ہوگئی اور 20 سے زائد افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

یاد رہےکہ 5 جنوری کو ایک ٹوئٹ میں فواد چوہدری نےکہا تھا کہ مری میں ایک لاکھ کے قریب گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، ہوٹلوں اور اقامت گاہوں کےکرائےکئی گنا اوپر چلے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاحت میں اضافہ عام آدمی کی خوشحالی اور آمدنی میں اضافےکو ظاہرکرتا ہے۔

مزید خبریں :