ثانیہ ملہوترا دنگل کیلئے شارٹ لسٹ ہونے کے بعد مایوس کیوں ہوئی تھیں؟

دنگل کیلئے ’ببیتا‘ کے کردار کیلئے شارٹ لسٹ ہونے کے بعد وہ خوش تھیں لیکن آڈیشن کیلئے پہنچیں تو مایوس ہو گئیں— فوٹو: فائل
دنگل کیلئے ’ببیتا‘ کے کردار کیلئے شارٹ لسٹ ہونے کے بعد وہ خوش تھیں لیکن آڈیشن کیلئے پہنچیں تو مایوس ہو گئیں— فوٹو: فائل

بلاک بسٹر بالی وڈ فلم ’دنگل‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ ثانیہ ملہوترا نے انکشاف کیا ہے کہ کردار کیلئے شارٹ لسٹ ہونے کے بعد وہ مایوس ہوگئی تھیں، لیکن کیوں؟

اس کا جواب خود ثانیہ نے دیا اور بتایا کہ عامر خان کی فلم دنگل میں ’ببیتا‘ کے کردار کیلئے شارٹ لسٹ ہونے کے بعد  وہ خوش تھیں لیکن جب آڈیشن کیلئے پہنچیں تو مایوس ہو گئیں۔

ثانیہ نے بتایا کہ ان کا خیال تھا کہ کردار کیلئے پانچ یا چھ لڑکیاں شارٹ لسٹ ہوئی ہوں گی لیکن جب وہ آڈیشن کیلئے پہنچیں تو یہ دیکھ کر حیران ہوگئیں کہ 30 کے قریب لڑکیاں وہاں موجود تھیں۔

ثانیہ کے مطابق اتنی زیادہ تعداد میں لڑکیوں کو دیکھ کر وہ ایک لمحے کے لیے مایوس ضرور ہوئیں لیکن پرامید تھیں کہ کردار کیلئے انہیں ہی منتخب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ فلم دنگل کا اسکرپٹ مکمل ہونے تک آنجہانی اداکار عرفان خان ڈائریکٹر کا پہلا انتخاب تھے تاہم اسکرپٹ مکمل ہونے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ اس فلم کے لیے عامر خان کو پیشکش کی جائے۔

عامر خان کو جب فلم کی کہانی سنائی گئی تو انہوں نے اس میں کام کرنے کی حامی بھرلی اور اس کے لیے مختلف تجاویز بھی دیں اور خود ہی کہا کہ وہ اپنا وزن 25 کلو تک بڑھائیں گے تاکہ حقیقت کا رنگ بھرسکیں۔

اس طرح 2013 میں عامر خان نے فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا اور 2016 میں یہ فلم ریلیز ہوئی جس نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔

مزید خبریں :