Time 12 جنوری ، 2022
پاکستان

کراچی میں ڈکیتی کی دو وارداتوں میں لاکھوں روپے لوٹ لیےگئے، مزاحمت پر شہری قتل

کراچی میں ڈکیتی کی صرف دو وارداتوں میں ڈاکو ایک کروڑ 16لاکھ روپے سے زائد کی رقم  اور 73لاکھ روپے کے چیکس اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے جب کہ مزاحمت پر ایک شہری کو بھی قتل کردیا گیا۔

پہلی واردات کراچی کے علاقے صدر میں عبداللہ ہارون روڈ پر موبائل فون کمپنی کے دفتر میں ہوئی جس میں ملزمان نے اسلحےکے زور پرکیش کاؤنٹرسے 46لاکھ روپےکی نقدرقم، 73لاکھ روپے کے چیکس اور موبائل فون چھینے اور فرار ہوگئے۔

 واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھاجاسکتا ہےکہ ملزمان موبائل فون کمپنی کے دفتر میں ماسک لگا کر داخل ہوئے اور  اسلحے کے زور  پر عملے کو یرغمال بنایا، رقم ، چیکس اور موبائل فون تھیلے میں بھرے اور فرار ہوگئے۔

واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

دوسری جانب کلفٹن شون سرکل انڈرپاس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا، مقتول کی شناخت 35سالہ ویربھان سمر داس کےنام سے ہوئی ہے۔

 پولیس کے مطابق مقتول بینک سے رقم نکال کر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 مسلح ملزمان پہنچ گئے اور اسلحے کے زور پر رقم چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پرفائرنگ کردی جس سے  ویربھان موقع پر شدید زخمی ہوا اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم جانبر نہ ہوسکا۔ 

پولیس کے مطابق مقتول کو قتل کرکے ملزمان 70لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، مقتول کے ہمراہ اس کا بھائی بھی تھا تاہم وہ واردات میں محفوظ رہا۔

مزید خبریں :