دنیا
Time 13 جنوری ، 2022

خاتون سے زیادتی کا الزام، ملکہ برطانیہ نےبیٹے سے شاہی اعزازات اور سرپرستی واپس لےلی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے امریکا میں خاتون سے جنسی زیادتی کے مقدمے کا سامنا کرنے والے  شہزادہ اینڈریو سے تمام فوجی اعزازات اور شاہی مراعات اور سرپرستی واپس لے لی۔

برطانوی اخبار کے مطابق ملکہ برطانیہ کی جانب سے اقدام کا مقصد ظاہرکرتا ہےکہ شاہی خاندان نے اینڈریو سے دوری اختیار کرلی ہے اور اب ان کو اپنے خلاف جنسی زیادتی کے مقدمے کا سامنا ایک عام شہری کی طرح کرنا ہوگا۔

 ملکہ برطانیہ کے اعلان کے بعد اینڈریو کسی بھی صورت میں اپنے نام کے ساتھ 'ہِز رائل ہائنس' کا خطاب استعمال نہیں کرسکیں گے۔

برطانوی اخبار کے مطابق فاک لینڈ کی جنگ میں برطانوی شاہی بحریہ میں ہیلی کاپٹر پائلٹ کی حیثیت سے حصہ لینے والے اینڈریو کے لیے ڈھیر سارے فوجی اعزازات سے محروم ہونا بھی بڑا دھچکا ہے۔

برطانوی شاہی محل سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈیوک آف یارک  تمام قسم کی شاہی ذمہ داریوں کی ادائیگی سے بدستور دور رہیں گے، اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ اینڈریو ایک عام شخص کی طرح مقدمےکا سامنا کریں گے۔

یاد رہےکہ شاہی محل نے ان کی شاہی ذمہ داریاں 2019 میں ہی معطل کردی تھیں جب ان پر جنسی زیادتی کا الزام سامنے آیا تھا۔

خیال رہےکہ ارب پتی امریکی جیفری اپیسٹین کو 2019 میں پولیس نے درجنوں خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے، بلیک میل کرنے اور جنسی غلام بنانےکے الزام پرگرفتارکیا تھا، جنہوں نے مقدمے کے دوران ہی جیل میں خودکشی کرلی تھی جس کے بعد مقدمہ بھی ختم کردیا گیا تھا۔

اس اسکینڈل میں شہزادہ اینڈریو کا بھی نام سامنے آیا تھا اور ان پر ورجینیا رابرٹس نامی خاتون نے الزام عائد کیا  تھا کہ اینڈریو نے 2001 میں جیفری ایپسٹین کے نیویارک میں گھرپر انہیں کمسنی میں جنسی حملے کانشانہ بنایا تھا۔

گذشتہ روز امریکی عدالت نے 61 سالہ  اینڈریو کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ خارج کرنےکی درخواست کو ہر لحاظ سے مسترد کردیا تھا اور اب اینڈریوکو اس مقدمےکا سامنا شاہی خاندان کی مدد کے بغیر کرنا ہوگا۔

برطانوی اخبار کے مطابق اینڈریو کے وکلا یا تو مقدمےکو آگے بڑھانےکا خطرہ لیں گے یا پھر ان کے پاس آپشن ہےکہ وہ خاتون سے ایک کروڑ یورو میں عدالت سے باہر ہی تصفیہ کرلیں۔

مزید خبریں :