پاکستان
Time 14 جنوری ، 2022

قومی سلامتی پالیسی کے اہم نکات سامنے آگئے

حال ہی میں بنائی گئی پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کے اہم نکات سامنے آ گئے۔

ذرائع کے مطابق 100 سے زائد صفحات پر مشتمل پالیسی کا آدھا حصہ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیراعظم 50 صفحات پر مشتمل پالیسی کے نکات کا اجراء کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی معاشی، عسکری اور انسانی سکیورٹی کے 3بنیادی نکات پر مشتمل ہو گی جبکہ اکانومی سکیورٹی کو قومی سلامتی پالیسی میں مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی پر سالانہ بنیادوں پر نظر ثانی کی جائے گی، قومی سلامتی پالیسی پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور نئی حکومت کو پالیسی پر رد و بدل کا اختیار حاصل ہو گا۔

ذرائع کے مطابق خطے میں امن، رابطہ کاری اور ہمسایہ ممالک سے تجارت قومی سلامتی پالیسی کا بنیادی نقطہ ہو گا جبکہ ہائبرڈ وار فیئر بھی قومی سلامتی کمیٹی کا حصہ ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی میں ملکی وسائل بڑھانے کی حکمت عملی دی گئی ہے اور کشمیر کو پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی میں اہم قرار دیا گیا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کو پالیسی کی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی سلامتی پالیسی کے حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بڑھتی آبادی کو ہیومن سکیورٹی کا بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے، ہجرت، صحت، پانی، ماحولیات، فوڈ، صنفی امتیاز کو ہیومن سکیورٹی کے اہم عناصر قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد ایران سے معاملات بڑھانے کا اختیار حکومت کو تجویز کیا گیا ہے جبکہ گڈ گورننس، سیاسی استحکام، اور وفاق کی مضبوطی بھی قومی سلامتی پالیسی کا حصہ ہے۔

مزید خبریں :