کھیل
Time 14 جنوری ، 2022

بھارت جنوبی افریقا ٹیسٹ میں ڈی آر ایس پر تنازع کیسے شروع ہوا؟

ٹیم انڈیا کے دیگر کھلاڑی افریقی براڈکاسٹر پر برہم ہوگئے اور وہ بھی اسٹمپ کے مائیک کے پاس گئے اور بہت برا بھلا کہا/ فوٹو سوشل میڈیا
ٹیم انڈیا کے دیگر کھلاڑی افریقی براڈکاسٹر پر برہم ہوگئے اور وہ بھی اسٹمپ کے مائیک کے پاس گئے اور بہت برا بھلا کہا/ فوٹو سوشل میڈیا

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کا تیسرا دن جوش و خروش سے بھرپور رہا اور آخری گھنٹوں میں بھارتی ٹیم اور امپائر کے درمیان کافی ہنگامہ آرائی ہوئی، ڈی آر ایس کے فیصلے سے تنازع شروع ہوا جو اس قدر بڑھ گیا کہ ٹیم انڈیا کے کپتان ویرات کوہلی اسٹمپ مائیک پر آگئے اور غصے میں تند و تیز الفاظ کہے۔

ٹیم انڈیا کے دیگر کھلاڑی افریقی براڈکاسٹر پر برہم ہوگئے اور وہ بھی اسٹمپ کے مائیک کے پاس گئے اور بہت برا بھلا کہا۔

یہ ہنگامہ دن کا کھیل ختم ہونے تک جاری رہا۔

تنازع کیسے شروع ہوا؟

دراصل یہ تنازع افریقا کی دوسری اننگز کے 21ویں اوور سے شروع ہوا تھا جو آف اسپنر آر ایشوین نے کروایا، اوور کی چوتھی گیند ایشوین نے راؤنڈ دی وکٹ پر پھینکی جو افریقی کپتان ڈین ایلگر کے پیڈ سے ٹکرائی، بھارتی ٹیم نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی اور امپائر مارائی ایراسمس نے بھی ایلگر کو آؤٹ قرار دیا۔

ایلگر نے پھر ڈی آر ایس کا مطالبہ کیا اور گیند کی ٹریکنگ کے مطابق گیند وکٹ کے اوپر سے جا رہی تھی جس کی وجہ سے تھرڈ امپائر نے ایلگر کو ناٹ آؤٹ دیا۔

اس فیصلے سے فیلڈ امپائر مارائی ایراسمس بھی حیران رہ گئے اور اپنا فیصلہ بدلتے ہوئے ایراسمس نے یہ بھی کہا کہ 'یہ ناقابل فہم ہے'۔ 

تھرڈ امپائر کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد بھارتی ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی اور پوری بھارتی ٹیم کافی مایوس نظر آئی جب کہ کوہلی کو اتنا غصہ آیا کہ اس نے بہت زور سے اپنا پاؤں زمین پر مارا ۔

کوہلی کے غصے کے بعد کے ایل راہول اور ایشوین بھی ناراض ہوگئے ۔ راہول کا کہنا تھا کہ پورا جنوبی افریقا ہمارے 11 کھلاڑیوں کے خلاف کھیل رہا ہے، اوور کے بعد ایشوین نے اسٹمپ مائیک پر افریقی براڈکاسٹر سپر اسپورٹس کے بارے میں کہا کہ سپر اسپورٹس آپ کو جیتنے کے بہتر طریقے تلاش کرنے چاہئیں۔

ایشوین اور راہول کے بعد کپتان کوہلی پھر غصے میں آگئے اور اسٹمپ کے مائیک کے پاس پہنچے اور جا کر بولے’ جب آپ کی ٹیم (جنوبی افریقا) گیند کو چمکائے تو ان پر بھی توجہ دیں، نہ صرف مخالفین۔ ہمیشہ لوگوں کو پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں‘۔

ویرات کوہلی نے یہ بات سال 2018 میں سینڈ پیپر تنازع کے تناظر میں کہی۔

بھارتی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اس حرکت سے ناخوش تھے۔ 

انہوں نے کمنٹری کے دوران کہا کہ یہ ویرات کا بہت بچکانہ فعل ہے، میچ کا نتیجہ کچھ بھی ہو، کسی بھی کھلاڑی کو اس قسم کا رویہ نہیں اپنانا چاہیے۔

یاد رہے کہ بھارت کو جیتنے کے لیے 8 وکٹیں درکار ہیں جب کہ جنوبی افریقا کو 111 رنز بنانے ہیں۔

مزید خبریں :