Time 15 جنوری ، 2022
پاکستان

کئی روز سے بند مری میں داخلے کی مشروط اجازت دینے کا اعلان

گاڑیوں کی حد مری، آزاد کشمیر کے رہائشیوں اور سرکاری و فوجی گاڑیوں پر لاگو نہیں ہوگی— فوٹو: فائل
گاڑیوں کی حد مری، آزاد کشمیر کے رہائشیوں اور سرکاری و فوجی گاڑیوں پر لاگو نہیں ہوگی— فوٹو: فائل

ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے کئی روز سے بند مری میں داخلے کی مشروط اجازت دینے کا اعلان کردیا۔

مری کے تمام راستوں سے روزانہ زیادہ سے زیادہ 8 ہزار گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں کی حد مری، آزاد کشمیر کے رہائشیوں اور سرکاری و فوجی گاڑیوں پر لاگو نہیں ہوگی۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی گاڑیوں کے مری میں داخلے کی مقررہ تعداد یقینی بنانے کیلئے نظام مرتب کریں گے، شام پانچ سے صبح پانچ بجے تک گاڑیوں کے مری میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول، ایل پی جی اور خوراک لے جانے والی گاڑیوں کو استثنٰی حاصل ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے تعاون سے ٹریفک کو ریگولیٹ کرنے کا مؤثر نظام بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے نوٹیفکیشن کے مطابق مری آنے جانے والی گاڑیوں کا باقاعدہ ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مری میں ناقص انتظامات اور بے پناہ رش کی وجہ سے برفانی طوفان میں پھنس کر تقریباً 22 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد مری میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

مزید خبریں :