کھیل
Time 16 جنوری ، 2022

کیا جوکووچ آسٹریلوی عدالت کا فیصلہ چیلنج کریں گے؟ ٹینس اسٹار کا بیان سامنے آ گیا

آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ کی جانب سے ویزا منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس کے عالمی نمبر ون کھلاڑی نوواک جوکووچ کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے نوواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ ججز کی جانب سے ویزا منسوخی کا فیصلہ برقرار رکھنے پر انتہائی مایوس ہوں، لیکن عدالت کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کروں گا۔

ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ اب آسٹریلیا میں نہیں رہ سکتا اور آسٹریلین اوپن میں حصہ نہیں لے سکتا، پہلے آرام کرنے اور صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگاؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے اپنی روانگی کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کروں گا۔

سربین ٹینس اسٹار کا کہنا تھا پچھلے ہفتوں توجہ مجھ پر رہی، امید ہے اب ہم سب ٹورنامنٹ پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں، کھلاڑیوں، ٹورنامنٹ کے عہدیداران، عملے، رضاکاروں اور شائقین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

نوواک جوکووچ کا کہنا تھا کہ اپنے خاندان، دوستوں، ٹیم، حامیوں، مداحوں اور اپنے ساتھی سربیائی باشندوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مزید خبریں :