اپنی حکومت کیخلاف تنقیدکرنیوالے نورعالم خان کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاجی مظاہرہ

اپنی حکومت پر تنقید کرنے والے ممبر قومی اسمبلی (ایم این اے) نور عالم خان کے خلاف تحریک انصاف کے یوتھ ونگ نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے پشاور سے  پی ٹی آئی کے ایم این اے نور عالم خان کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا، مظاہرین پلے کارڈز  اور  بینرز  اٹھائے عمران خان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ 

مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے نور عالم خان کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ 

اس موقع پر صوبائی صدر انصاف یوتھ ونگ علامہ اقبال نے مظاہرین سے خطاب میں نور عالم خان کے حکومت کے خلاف بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نور عالم وزارت کے لیے بیان بازی کررہے ہیں۔

 انہوں نے نور عالم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی نظریے کے ساتھ ہیں۔ 

 دوسری جانب ایم این اے نور عالم خان نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ جمہوریت میں تنقید اور مظاہرہ کرنا سب کا حق ہے، پارٹی کارکنوں کو استعمال کیا جا رہا ہے، میں نےکرپشن اور احتساب کی بات کی جو عمران خان بھی کرتے ہیں۔ 

انہوں نےکہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں پہلی تین لائنوں میں بیھٹے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنےکی بات کی، جو ٹھیک ہے، مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی بات بھی کی ہے،کیا یہ غلط ہے۔    

مزید خبریں :