18 جنوری ، 2022
لاہورکے سروسز اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے مریض کے انتقال کے بعد ینگ ڈاکٹرز کی لواحقین پر تشدد کرنےکی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ینگ ڈاکٹرز متاثرہ فیملی پر تشدد کر رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز نے عملےکو ایمرجنسی دروازے بند کرنےکو کہا اور باہر جانے والے دیگر افراد کو دھکے دیے۔
ویڈیو میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر سلمان حسیب بھی نظر آ رہے ہیں۔
ویڈیو سے قبل ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مریض کے لواحقین پر تشدد کے الزام کی تردید کی تھی۔
خیال رہےکہ 5 روز قبل سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں ایک نوجوان ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے جاں بحق ہو گیا تھا۔ واقعے کی انکوائری رپورٹ میں بھی4 ڈاکٹروں کو قصور وار قرار دیا گیا تھا جس کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نےگذشتہ روز احتجاجاً ایم ایس آفس کا گھیراؤ کرلیا تھا۔