23 جنوری ، 2022
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا ہے کہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا اور اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے براہ راست عوام کی ٹیلی فون کالز سنیں اور مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
اس دوران وزیر اعظم نے معیشت اور ملکی سیاست پر بھی بات کی۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انتظار کررہاہوں آپ پاکستان آئيں، بڑی باتیں ہورہی ہیں کہ ڈيل ہوگئی، کہتے ہیں آج آجائے گا کل آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں تو دعا کرتا ہوں کہ لندن سے آج آجائیں لیکن وہ واپس نہیں آنے لگا، سارا ٹبّر باہر بھاگا ہوا ہے، کوئی پولوکھیل رہا ہے تو کوئی مہنگی گاڑیوں میں گھوم رہے رہا ہا، اتنا پیسہ تو برطانیہ کی رائل فیملی نہیں خرچ کرسکتی۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تین بار وزیراعظم رہنے والا کہتا ہے کہ اس کے بیٹے پاکستان کے شہری نہیں۔
اس دوران عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا کہ ہماری پارٹی حکومت کی یہ مدت اورآئندہ مدت بھی پوری کرے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا، میرے سڑکوں پر نکلنے سے اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عوام آپ کے ساتھ اس لیے نہیں نکلتے کیونکہ آپ چوری بچانےکیلئے نکلتے ہو۔
وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھاکہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں قوم کا مجرم سمجھتا ہوں، نیب نے ان سے 8 ارب روپے کا جواب مانگا ہے لیکن ابھی تک جواب نہیں دے سکے۔
انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر شہباز شریف کے مقدمات کی سماعت کرکے فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چپراسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آگئے؟ عدلیہ ملک پر رحم کرے اور روزانہ سماعت کرے۔
وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ گیس سے کھاد بنتی ہے اور کھادکی کمی ہوگئی ہے جبکہ بلوم برگ کے مطابق گیس بحران سے کھانے کا بحران بھی آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دنیا میں خوف آگیا ہے، کھاد کی کمی ہوئی ہے، گیس کم ہوگئی ہے اور قیمیتں اوپرچلی گئی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ گیس سے کھاد بنتی ہے، کھاد کی کمی ہوگئی ہے، بلوم برگ کے مطابق گیس بحران سے کھانے کا بحران بھی آئے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ کھاد کم استعمال ہوئی تو کھانے پر بھی اثر پڑے گا۔