Time 27 جنوری ، 2022
پاکستان

ایم کیو ایم کے دھرنے پر شیلنگ اور لاٹھی چارج، ایک عہدیدار جاں بحق

پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے مبینہ طور پر زخمی ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے عہدیدار اسلم اسپتال میں دم توڑ گئے۔ —فوٹو: ٹوئٹر
پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے مبینہ طور پر زخمی ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے عہدیدار اسلم اسپتال میں دم توڑ گئے۔ —فوٹو: ٹوئٹر

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے مبینہ طور پر زخمی ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے عہدیدار اسلم اسپتال میں دم توڑ گئے۔

بلدیاتی قانون کیخلاف بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہرایم کیوایم پاکستان کے مظاہرے کے دوران احتجاج کرنیوالوں پر پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا تھا جس کے باعث  رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔

تاہم رپورٹس کے مطابق پولیس کے لاٹھی چارج  سے مبینہ طور پر زخمی ہونے والے نارتھ کراچی کے عہدیدار اسلم اسپتال میں انتقال کرگئے۔ 

تاہم ان کے انتقال کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

 ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جاں بحق کارکن کی نمازجنازہ آج ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ پر قتل کی ایف آئی آر کٹوائیں گے۔

 اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامرخان  نے کہا کہ تاجر تنظیمیں یوم سوگ کی حمایت کریں، وڈیروں کے گینگ سے چھٹکارا حاصل کریں۔

دوسری جانب جانی نقصان پرمرتضیٰ وہاب نے اظہارافسوس کیا اور ساتھ ہی وضاحت کی کہ جناح اسپتال میں اسلم نامی کوئی شخص نہیں لایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ جمعیت علمائے  اسلام (جےیوآئی ) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن  نے عامر خان سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے کارکن کی شہادت پر افسوس کا اظہار  کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لگتا ہے سندھ کو باقاعدہ منصوبہ بندی سےلسانیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے، معاملات کو افہام و تفہیم اور جمہوری انداز سےحل کیاجائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا وفد آج ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز کا دورہ کریگا ۔

بدھ کے روز کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی — فوٹو: آئی این پی
بدھ کے روز کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی — فوٹو: آئی این پی

واضح رہے کہ بدھ کے روز کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی جس کے باعث رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :