27 جنوری ، 2022
کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے مبینہ طور پر زخمی ہونے اور بعد ازاں جاں بحق ہونے والے محمد اسلم کی موت سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا بیان سامنے آیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا لیکن ساتھ ہی وضاحت بھی کی کہ جناح اسپتال میں اسلم نامی کوئی شخص نہیں لایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ بلدیاتی قانون کے خلاف بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہرایم کیوایم پاکستان کے مظاہرے کے دوران احتجاج کرنے والوں پر پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا تھا جس کے باعث رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے لاٹھی چارج سے مبینہ طور پر زخمی ہونے والے نارتھ کراچی کے عہدیدار اسلم اسپتال میں انتقال کرگئےتھے۔
ترجمان ایم کیوایم نے تصدیق کی کہ نارتھ کراچی یوسی فائیو کے جوائنٹ آرگنائزر محمد اسلم جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے ہیں۔
دوسری جانب قومی ادارہ برائے امراض قلب(این آئی سی وی ڈی) کے ریکارڈ کے مطابق متحدہ کارکن محمد اسلم کو رات 10 بج کر 29 منٹ پر اسپتال پہنچایا گیا تھا اور 10 بج کر35 منٹ پر ڈاکٹرز نے محمد اسلم کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔
تاہم این آئی سی وی ڈی نے موت کی وجہ جاری نہیں کی جبکہ پولیس کو بتایا گیا کہ محمد اسلم ایم کیو ایم کی ریلی میں شرکت کے لیے گئے تھے۔