کھیل
Time 27 جنوری ، 2022

میدان کے باہر حریف کھلاڑیوں سے تعلقات سے متعلق محمد رضوان کے انکشافات

رضوان نے یوٹیوب انٹرویو کے دوران دونوں حریف ٹیموں کے درمیان میدان کے باہر اچھے (دوستوں جیسے) تعلقات کا انکشاف کیا ہے/فائل فوٹو
رضوان نے یوٹیوب انٹرویو کے دوران دونوں حریف ٹیموں کے درمیان میدان کے باہر اچھے (دوستوں جیسے) تعلقات کا انکشاف کیا ہے/فائل فوٹو

بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والامیچ دنیائے کرکٹ کے بڑے مقابلوں میں سے ایک تسلیم کیا جاتا ہے اور شائقین کرکٹ بھی اس میچ کو کھیل کم جنگ زیادہ تصور کرتے ہیں۔

تاہم اب  پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے میچ کے دوران اور میچ کے بعد حریف ٹیم کے کھلاڑیوں سے تعلقات کے حوالے سے کچھ  انکشافات کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رضوان نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو کے دوران دونوں حریف ٹیموں کے درمیان میدان کے باہر اچھے (دوستوں جیسے) تعلقات کا انکشاف کیا ہے۔

دوران گفتگو رضوان نے میچ میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئےکہا کہ جب ہم بطور کھلاڑی  میدان میں اترتے ہیں تو ہم مختلف حربے اپناتے ہیں، جیسے مخالف کو گھورنا، حریف کھلاڑی پر جملے کسنا ، پرجوش انداز میں خوش ہونا لیکن جب ہم کھیل کے بعد  واپس آتے ہیں تو ہم یہ نہیں  کہتے کہ ہم کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں بلکہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہوتے ہیں۔

رضوان کا کہنا تھا کہ ہم آسٹریلیا اور بھارت جیسی مختلف ٹیموں کے حوالے سے مختلف احساسات  اور جذبات رکھتے ہیں لیکن میدان میں ہم انھیں صرف شکست دینے کا عزم  رکھ کر اترتے ہیں، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہوتا لیکن میدان سے باہر ہم ایک دوسرے کا احترام اور عزت ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کے لیے دل میں محبت بھی رکھتے ہیں۔

رضوان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دوستی کے باوجود کھلاڑی کا مقصد میدان میں صرف کھیل جیتنا ہوتا ہے، دوستی کا مقصد یہ نہیں ہوتا کہ ہم حریف کھلاڑی کے لیے  رنز بنانا آسان کر دیں، میدان میں ہمارا مقصد صرف اور صرف جیت ہوتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ  مختلف میچز  کے بعد حریف کھلاڑیوں کو بھی( پاکستانی کھلاڑیوں کو دھونی اور ویرات کوہلی سے بات چیت) گفتگو کرتے دیکھا گیا ہے،  یہ اسی ذہنیت کے تحت کی جاتی ہے کیوں کہ میچ کے بعد ہم سب ایک خاندان کی طرح ہوتے ہیں۔

مزید خبریں :