03 فروری ، 2022
ٹک ٹاکر حریم شاہ نے لندن میں بانی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) الطاف حسین سے گزشتہ روز ملاقات کی۔
حریم شاہ جو حال ہی میں منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے میڈیا میں خبروں کی زینت بنیں، انہوں نے بدھ کے روز لندن میں کنگسٹن اپون تھیمز کراؤن کورٹ کے باہر ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سے ملاقات کی۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ وہ عدالت کے باہر چہل قدمی کر رہی تھیں کہ انہوں نے پاکستانی میڈیا نمائندوں کو عدالت کے باہر جمع دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں نے مجھے بتایا کہ الطاف حسین اپنی سماعت کے لیے عدالت کے اندر ہیں تو میں اور میری دوست عدالت کے اندر چلےگئے۔
انہوں نے بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے عدالت میں الطاف حسین کو دیکھا تاہم ہم باہر آگئے لیکن سماعت کے اختتام کے بعد الطاف حسین بھی اپنے گارڈز کے ہمراہ باہر آئے۔
عدالت سے باہر آتے ہی ان کے گارڈز نے ہمیں بانی ایم کیوایم سے ملاقات کرنے سے روکا لیکن الطاف حسین کھڑے رہے اور مجھ سے ملاقات کی اور کافی ساری باتیں کرنے کے ساتھ دعائیں بھی دیں۔
اب حریم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں الطاف حسین کو حریم شاہ کو دعائیں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔