09 فروری ، 2022
پشاور : سر میں کیل ٹھوکے جانے سے زخمی ہونے والی خاتون کا نام سامنے آگیا۔
خاتون کے سر سے کیل نکالنے والے ڈاکٹر حیدر خان نے خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کےسر میں 2 انچ لمبی کیل تھی اور خوش قسمتی سے کیل دماغ تک نہیں پہنچ پائی۔
ڈاکٹر حیدر نے بتایا کہ خاتون کاکہنا ہے ان کی تین بیٹیاں ہیں اور خاتون کے مطابق انہیں یقین تھا کہ اس بار بھی ان کی بیٹی پیدا ہوگی، خاتون نے بیٹےکی خواہش میں جعلی عامل کے کہنے پر سر میں کیل ٹھکوائی۔
سر پر کیل ٹھوکنے سے زخمی خاتون کا نام بازگلہ ہے: پولیس
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہےکہ سر میں کیل ٹھوکنے سے زخمی ہونے والی خاتون کا نام بازگلہ ہے اور خاتون پشاور میں کہاں کی رہائشی ہیں یہ معلوم نہیں ہوسکا جب کہ خاتون کے خاوند کا نام اسپتال ریکارڈ میں حضرت لکھا گیا ہے۔
واضح رہےکہ پشاور میں اولاد نرینہ کی خواہش میں عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھوک دی گئی تھی۔
پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمی خاتون کی سرجری کرکے کیل کو نکال دیا گیا ہے۔
نیورو سرجن ڈاکٹر حیدر کا کہنا ہے کہ خاتون حاملہ ہے، سر پر گہری چوٹ تھی، خاتون نے بتایا بیٹےکی خواہش ہے، پیرصاحب نے سرپرکیل ٹھوکنےکا کہا تھا۔