Time 09 فروری ، 2022
پاکستان

سندھ ہائیکورٹ نے نوکوٹ میں 2 خواتین کے مبینہ اغوا اورگینگ ریپ کا نوٹس لےلیا

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے میرپور خاص کے علاقے نوکوٹ میں 2 خواتین کے مبینہ اغوا اور گینگ ریپ کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی کو 15 فروری کو طلب کرلیا۔

 رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہےکہ میرپورخاص کے علاقے نو کوٹ میں خواتین کے مبینہ اغوا اور انہیں برہنہ کرنے اور گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کی خبروں کا چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی میرپور خاص سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور دونوں افسران کو ذاتی حیثیت میں 15 فروری کو رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا ہے۔

ادھر نوکوٹ میں دو خواتین کے اغوا اور مبینہ زیادتی پر متاثرہ خاندان نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

متاثرہ خواتین کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہےکہ 6 فروری کو ان کی 2 خواتین کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنایاگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ دو برادریوں کےدرمیان پسند کی شادی پرپیش آیا، راجپوت برادری کےلڑکے نے ٹنگڑی برادری کی لڑکی سے پسند کی شادی کی، انتقاماً ٹنگڑی برادری نے راجپوت برادری کی 2 خواتین کو اغوا کیا،جنہیں بازیاب کرالیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد 20 ملزمان میں سے 12 گرفتار ہیں، خواتین کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے ، رپورٹ کا انتظار ہے۔


مزید خبریں :