Time 09 فروری ، 2022
دلچسپ و عجیب

مسلسل 14 ماہ سے کورونا میں مبتلا شخص

ترکی سے تعلق رکھنے والے خون کے کینسر میں مبتلا مظفر کیاسن میں نومبر 2020 میں پہلی بار کورونا کی تشخیص ہوئی تھی —فوٹو:ترک خبر رساں ایجنسی
ترکی سے تعلق رکھنے والے خون کے کینسر میں مبتلا مظفر کیاسن میں نومبر 2020 میں پہلی بار کورونا کی تشخیص ہوئی تھی —فوٹو:ترک خبر رساں ایجنسی

کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر عام طور پر مریض کو 14 دن کیلئے قرنطینہ میں بھیجا جاتا ہے جس کے بعد اکثر کورونا ٹیسٹ منفی ہی آجاتا ہے۔

 تاہم  آج ہم آپ کو ایک ایسےمریض کے بارے میں بتانے جارہے ہیں  جوکورونا کی وجہ سے گزشتہ 14 ماہ سے قرنطینہ میں ہے جبکہ اس دوران اس کے 78 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور ہر بار نتیجہ مثبت آیا۔ 

ترک خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکی سے تعلق رکھنے والے  خون کے کینسر میں مبتلا مریض مظفر کیاسن میں نومبر 2020 میں پہلی بار کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا،  تاہم دو ہفتوں کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق گھر پہنچ کر بھی ان میں کورونا کی تشخیص پائی گئی جس کے بعد گزشتہ 14 ماہ کے دوران وہ 9 ماہ اسپتال جبکہ 5 ماہ گھر میں قرنطینہ  رہے اور اس دوران ان کے 78 بار کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور ہر بار نتیجہ مثبت آیا۔

56 سالہ مظفر نے حکام سے اپنی صورت حال کا حل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ گھر میں اکیلے دن گزارنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے  وہ اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کو صرف کمرے میں لگی کھڑکی سے دیکھتے ہیں۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مظفر کی اہلیہ اور ان کا بیٹا قرنطینہ کے دوران  کچھ وقت ان کے ساتھ رہے لیکن دو بار ٹیسٹ کروانے کے باوجود ان دونوں کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا۔

دوسری جانب  ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مظفر  کے ٹیسٹ کینسر کی وجہ سے کمزور مدافعتی نظام کے باعث مثبت آرہے ہیں جبکہ وہ صرف ان دوائیوں کی وجہ سے  زندہ ہیں جو انہیں اپنے مدافعتی نظام کو مضبوط رکھنے کے لیے تجویز کی گئی ہیں۔

مزید خبریں :