16 فروری ، 2022
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سینیئر صحافی محسن بیگ کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔
صحافی محسن بیگ کےخلاف سائبرکرائم ونگ لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا، یہ مقدمہ وفاقی وزیر مراد سعید کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق محسن بیگ نے ٹی وی پروگرام میں مراد سعید کے خلاف غیراخلاقی زبان استعمال کی، ٹی وی پروگرام میں بےبنیاد کہانی اور توہین آمیز ریمارکس دیے گئے اور پروگرام سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عوام میں مرادسعید کی ساکھ کوخراب کرنے کی کوشش کی گئی۔
دوسری جانب محسن بیگ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کا تین روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
محسن بیگ کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ مقامی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیے بغیر سادہ کپڑوں میں چھاپا مارا گیا، ان کو کیا پتا کہ ایف آئی اے والے ہیں یا کوئی چور ڈاکو ہیں؟
ایف آئی اے نے مؤقف دیا کہ چھاپے کے دوران ملزم محسن بیگ، ان کے بیٹے اور ملازمین نے ایف آئی ٹیم پر سیدھی فائرنگ کی، گولیاں ختم ہونے پر ملزم محسن بیگ کو گرفتار کرکے تھانا مارگلہ منتقل کیا جبکہ عدالت سے سرچ اینڈ سیز وارنٹ حاصل کیے گئے تھے۔