Time 16 فروری ، 2022
پاکستان

کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں تو سیاست چھوڑ دے، آصف زرداری کا ردعمل

اختلاف رائے رکھنے والوں پر حکومتی طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کی عکاس ہے، سابق صدر— فوٹو:فائل
اختلاف رائے رکھنے والوں پر حکومتی طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کی عکاس ہے، سابق صدر— فوٹو:فائل

سابق صدر آصف علی زرداری نے سینیئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا ہے کہ کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو سیاست کرنا چھوڑ دے۔

سابق صدرآصف علی زرداری نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کی اور اپنے بیان میں کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں پر حکومتی طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو سیاست کرنا چھوڑ دے، محسن بیگ کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا قانون سے ماورا ہے۔

سابق صدر نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور صحافی محسن بیگ کو رہا کرے۔ 

دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اہل خانہ کے سامنے صحافی محسن بیگ کو گھسیٹ کر ایسے گرفتار کیا گیا جیسے وہ دہشت گرد ہوں۔

انہوں نے محسن بیگ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

خیال رہےکہ آج صبح ایف آئی اے نے صحافی محسن بیگ کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم محسن بیگ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر گئی، گرفتاری کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم کے ساتھ مزاحمت ہوئی اور ملزم نے فائرنگ کی، فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی تحقیقات اورانکوائری مکمل ہونے تک محسن بیگ کو رہا کیا جائے۔

مزید خبریں :